وفاقی حکومت نے عوام کو ایک اور جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے کی مزید کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ برقرار رکھنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق 18 نومبر کو رات بارہ بجے سے ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے 18 نومبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر مزید کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول 328 روپے سے کم ہو کر 325 روپے فی لیٹر پر آ گیا ہے۔
اوگرا کے اعلامیے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 358 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حکومت کے منظور کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں جن کا اطلاق 18 نومبر کے لیے ہوگا۔








