انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ٹیموں پر بھاری جرمانے عائد کر دیے ہیں اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قیمتی پوائنٹس بھی کاٹ لیے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سری لنکن ٹیم مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل کرنے میں 15 اوورز پیچھے رہی، جس پر مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں 5 اوورز کم کرانے کی مرتکب ہوئی، جس کے باعث قومی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے قواعد کے تحت سری لنکا کے مجموعی پوائنٹس میں سے 15 اور پاکستان کے 5 پوائنٹس بھی منہا کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد سری لنکا پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ پاکستان 3.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے خلاف ورزی تسلیم کر لی، جس کے باعث کسی باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
مطابق واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 سے 13 نومبر تک کھیلا جانے والا دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ بارش اور خراب روشنی کے باعث متاثر ہو کر بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 434 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی تھی، جس میں سعود شکیل 93، محمد طیب عارف 57، عرفات منہاس 52، محمد طٰہٰ 51 اور کپتان بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جواب میں سری لنکا نے دھننجایا ڈی سلوا کے 167 اور کوشل مینڈس کے 119 رنز کی بدولت 446 رنز بنا کر 12 رنز کی برتری حاصل کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے 130 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کر کے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں سعود شکیل کے 97 رنز کی مدد سے 8 وکٹوں پر 284 رنز بنا کر مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری حاصل کی تاہم وقت ختم ہونے کے باعث مقابلہ ڈرا ہو گیا۔








