لندن: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے سینٹ جیمز پیلس میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔
اس موقع پر ان کی اہلیہ صائمہ ٹیپو بھی ہمراہ تھیں۔ شاہی سفارتی آداب کے مطابق ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کو وائس مارشل آف دی ڈپلومیٹک کور کی سربراہی میں شاہی بگھی کے ذریعے لنکاسٹر ہاؤس سے سینٹ جیمز پیلس پہنچایا گیا۔
شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کے دوران ٹیپو عثمان نے صدرِ پاکستان اور وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام برطانوی بادشاہ کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے سابقہ دورۂ پاکستان کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
مزید پڑھیں:کراچی: بیوی اور سالے کو فائرنگ سے قتل کر کے شوہر نے خودکشی کر لی
شاہ چارلس سوئم نے ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔








