کینبرا: آسٹریلیا میں ایک رکنِ پارلیمنٹ نے ایوان میں اپنے الوداعی خطاب کے دوران سب کے سامنے اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کر کے ساتھی اراکین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا، جس کے بعد ایوان تالیوں اور مبارکباد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی رکنِ پارلیمنٹ ایوان میں اپنا آخری باضابطہ خطاب کر رہے تھے کہ انہوں نے اچانک اپنی تقریر کا رخ ذاتی زندگی کی جانب موڑ دیا اور ایوان میں موجود اپنی گرل فرینڈ سے براہِ راست سوال کیا کہ ’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟‘۔
اس غیر متوقع اور منفرد پیشکش پر ایوان میں موجود تمام اراکین حیران رہ گئے، تاہم جیسے ہی ان کی گرل فرینڈ نے مسکراتے ہوئے شادی کی پیشکش قبول کی تو پورا پارلیمانی ایوان تالیوں اور خوشی کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس دلچسپ اور جذباتی لمحے کی ویڈیو بھی کیمرے میں محفوظ کر لی گئی، جس میں ساتھی اراکینِ پارلیمنٹ کو نئے جوڑے کی اس خوشی میں بھرپور انداز میں شریک ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، یوں ایک رسمی الوداعی خطاب زندگی کی ایک یادگار تقریب میں تبدیل ہو گیا۔








