بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 اپنی بیٹنگ کے بارے میں پُراعتماد ہوں، غلطیوں پر جلد قابو پالوں گا: بابر اعظم

لاہور: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کے حوالے سے مکمل طور پر پُراعتماد ہیں، اپنی غلطیوں پر جلد قابو پانے کی کوشش کریں گے اور شائقین کو جلد نظر آئے گا کہ جو رنز رکے ہوئے ہیں وہ دوبارہ آنا شروع ہو جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی کامیابی کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سیریز کی تین اننگز میں بطور کپتان انہوں نے ایک نصف سنچری کی مدد سے 92 رنز اسکور کیے۔ کنڈیشنز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں کیونکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ایسی پچز پر کھیل رکھا ہے، تاہم بطور ٹیم ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عباس ایک تجربہ کار بولر ہیں اور دیگر بولرز کو ان کے تجربے سے سیکھنا چاہیے، جبکہ ثاقب خان نے عمدہ کنٹرول کے ساتھ بولنگ کروائی اور طیب عارف و محمد طحہ ہماری بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے بابر اعظم نے جونیئر کرکٹ کے مختلف مراحل طے کرنے کے بعد 2015 میں زمبابوے کے خلاف انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تین ون ڈے سنچریاں بنا کر عالمی توجہ حاصل کی۔ وہ 2018 تک ون ڈے میں تیز ترین دو ہزار اور ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے نمایاں بیٹرز میں شامل ہوئے، جبکہ 2022 میں ٹیسٹ کرکٹ میں چار سنچریوں کی مدد سے 1184 رنز بنا کر دنیا کے سرفہرست تین بیٹرز میں جگہ بنائی۔ 2023 اور 2024 کے دوران ٹیسٹ فارم میں اتار چڑھاؤ اور کپتانی سے استعفے کے بعد اب وہ صرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔