بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشہور ویڈیو گیم جی ٹی اے سکس نے ریلیز کے پہلے روز ریکارڈ کمائی کرلی

نیویارک: دنیا بھر کے ویڈیو گیمز شائقین کی مقبول ترین سیریز ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ (جی ٹی اے) کی نئی گیم ’جی ٹی اے 6‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز فروخت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 3 ارب 79 کروڑ ڈالر (تقریباً 3.8 ارب ڈالر) کی کمائی کر لی ہے، جو کسی بھی انٹرٹینمنٹ ریلیز کے پہلے روز کی سب سے زیادہ فروخت ہے۔

گیم بنانے والے ادارے کے جمعہ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی 19 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز سے قبل ہی 3 کروڑ 25 لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی تھیں، جو تمام پلیٹ فارمز پر کسی بھی گیم کی پری ریلیز فروخت کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ مارکیٹ ریسرچ کے اندازوں کے مطابق پری آرڈرز کے دوران تقریباً 2 کروڑ 45 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جن کی مالیت 2 ارب 36 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔ 13 سال سے زائد عرصے کے طویل انتظار کے بعد منظرِ عام پر آنے والی اس گیم کی ریلیز کے موقع پر کئی گیمرز نے ملازمتوں سے چھٹی لی جبکہ بعض نے اپنے پارٹنرز کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کیے تاکہ انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے گیم کھیلنے کا وقت مل سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی پہلے روز کی فروخت اس کی سابقہ گیم ’جی ٹی اے 5‘ کے مقابلے میں تقریباً 5 گنا زیادہ ہے، جس نے 2013 میں ریلیز کے پہلے روز اندازاً 80 کروڑ ڈالر کمائے تھے اور اب تک اسے پہلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم سمجھا جاتا تھا۔ مزید برآں نئی گیم نے فلمی دنیا کا ایک بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے، کیونکہ اس کی پہلے روز کی کمائی دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ کی باکس آفس پر 2 ارب 94 کروڑ ڈالر کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق ’جی ٹی اے 6‘ کی تیاری پر اندازاً ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ لاگت آئی جس کے بعد یہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے مہنگے ترین منصوبوں میں شامل ہو گئی ہے۔ جون میں اس گیم کے پری آرڈرز شروع کیے گئے تھے تاہم ادارے نے فروخت کے اعداد و شمار سامنے لانے سے گریز کیا تھا، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں ایک اجلاس کے دوران کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹراس زیلنک نے کہا تھا کہ صارفین انتہائی پُرجوش ہیں اور اب تک سامنے آنے والے تمام تبصرے مثبت ہیں تاہم ادارہ کسی کام کے مکمل ہونے سے پہلے اس کی کامیابی کا دعویٰ کرنے سے گریز کرتا ہے۔ اسی طرح اسٹوڈیو کے صدر اور بانی سیم ہاؤسر نے دنیا بھر کے شائقین کی پذیرائی پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا، جبکہ جمعہ کو کاروباری سیشن کے اختتام پر مالک کمپنی کے حصص معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔

تشہیری مہم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اگست میں اس گیم کا تفصیلی ٹریلر بھی دکھایا گیا تھا جس کے بعد پری آرڈرز میں 6 گنا اضافہ ہوا۔ گیم کی کہانی امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر فرضی ریاست ’لیونیڈا‘ کے شہر ’وائس سٹی‘ کی روشن اور رنگ برنگی سڑکوں پر دو جرائم پیشہ کرداروں لوسیا اور جیسن کے گرد گھومتی ہے، جو جرائم میں ایک دوسرے کے ساتھی ہونے کے ساتھ رومانوی تعلق بھی رکھتے ہیں۔ میامی شہر کی مناسبت سے میامی کی باسکٹ بال ٹیم نے بدھ کو وائس سٹی کے تھیم پر ایک میچ کا اہتمام کیا جبکہ ہفتے کے اختتام پر ایک میوزک فیسٹیول بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں کارڈی بی، میٹرو بومِن اور ٹریوس اسکاٹ سمیت کئی معروف فنکار شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ ’گرینڈ تھیفٹ آٹو‘ سیریز کی پہلی گیم 1997 میں متعارف کرائی گئی تھی جبکہ اس کی سابقہ گیم ’جی ٹی اے 5‘ سال 2013 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی کہانی فرضی شہر ’لاس سینٹوس‘ میں ترتیب دی گئی تھی۔ اب سرمایہ کاروں کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ ’جی ٹی اے 6‘ کا پی سی ورژن اور آن لائن ملٹی پلیئر موڈ کب متعارف کرایا جائے گا، جس کے بارے میں ویڈیو گیم انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ 2027 میں پیش کیا جا سکتا ہے اور طویل مدت تک کمپنی کے لیے مستقل آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بنے گا۔