بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سونے کی قیمت میں تاریخی کمی! 16 دن میں 60 ہزار روپے سستا، وجہ کیا؟

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں(Gold Rates) میں شدید گراوٹ کے باعث پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونا سستا ہوگیا، صرف 16 روز کے دوران فی تولہ قیمت میں تقریباً 60 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد خریداروں کی دلچسپی بڑھنے لگی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران تقریباً 10 فیصد گر گئی اور فی اونس قیمت 3 ہزار 524 سے 3 ہزار 538 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی، جو گزشتہ 14 ماہ کی کم ترین سطح ہے، سونے کی قیمتوں میں یہ ہفتہ وار گراوٹ گزشتہ 8 ماہ کی بدترین کمی قرار دی گئی ہے۔

سال 2026 کے آغاز میں سونے کی قیمت 5 ہزار 600 ڈالر فی اونس سے تجاوز کرکے تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی تاہم اب عالمی قیمتیں اس ریکارڈ سے تقریباً 36 فیصد نیچے آچکی ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات میں امریکی مہنگائی کے کمزور اعداد و شمار، امریکی مرکزی بینک کے پالیسی سازوں کے محتاط بیانات اور دسمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات شامل ہیں۔

شرح سود میں اضافے کی توقعات کے باعث امریکی بانڈز کی منافع بخش شرح بڑھ رہی ہے، جبکہ 10 سالہ امریکی بانڈز کی شرح 5 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے  چونکہ سونا سرمایہ کاروں کو سود نہیں دیتا، اس لیے شرح سود میں اضافے سے سونے میں سرمایہ کاری کی کشش کم ہوجاتی ہے۔

دوسری جانب امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے نے بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے  ڈالر انڈیکس 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث دیگر کرنسیوں میں سونا خریدنے والے سرمایہ کاروں کے لیے یہ مزید مہنگا ہوگیا، جس سے عالمی طلب متاثر ہوئی۔

مزیدپڑھیں:مکہ معاہدہ؛ پاک،سعودی اور ترکیہ اہم مذاکرات 26 نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے

عالمی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپنیوں کے حصص میں بڑے پیمانے پر فروخت نے بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کو مزید تیز کیا، سرمایہ کاروں اور بڑے مالیاتی اداروں نے دیگر سرمایہ کاری میں ہونے والے نقصان اور اضافی رقم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سونے سمیت قابل فروخت اثاثے فروخت کیے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ کی گراوٹ کے اثرات فوری طور پر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سامنے آئے، جہاں سونے کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں۔

اتوار 22 نومبر کو صرافہ بازار بند ہونے کے باعث قیمتیں گزشتہ روز کی سطح پر برقرار رہیں، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 22 ہزار 647 روپے رہی۔ کراچی صرافہ بورڈ کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 84 ہزار روپے رہی۔

جمعہ 20 نومبر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کی کمی ہوئی، جبکہ ہفتے کو مزید 3 ہزار 500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

5 نومبر کو سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے کی ماہانہ بلند ترین سطح پر تھی، جو اب 59 ہزار 300 روپے کم ہوچکی ہے، اس طرح گزشتہ 16 روز میں سونے کی قیمت میں 13.6 فیصد کمی ہوئی۔

29 جنوری 2026 کو سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جس کے مقابلے میں اب قیمت 1 لاکھ 96 ہزار 500 روپے سے زیادہ کم ہوچکی ہے۔

سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے، ہفتے کے روز چاندی کی فی تولہ قیمت 108 روپے کم ہوکر 4 ہزار 600 روپے پر آگئی۔

ماضی میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے پر پاکستانی روپے کی قدر میں کمی مقامی قیمتوں کو سہارا دیتی تھی تاہم اس مرتبہ روپے کی قدر مستحکم رہنے کے باعث عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا اثر براہ راست پاکستانی صرافہ بازاروں میں بھی پڑا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر تقریباً 276.20 سے 276.90 روپے کے درمیان رہا۔

طویل مدت میں عالمی مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی خریداری قیمتوں کو سہارا دے سکتی ہے،ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق 2026 کی تیسری سہ ماہی میں مرکزی بینکوں نے 321 ٹن سونا خریدا، تاہم قلیل مدت میں عالمی مارکیٹ کا رجحان غیر یقینی ہے۔

کراچی اور لاہور کے صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت 3 لاکھ 80 ہزار روپے فی تولہ سے نیچے آنے کے بعد شادیوں کے موسم کے پیش نظر خریداروں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے خصوصاً خاندان اور چھوٹے سرمایہ کار سونا خریدنے کے لیے مارکیٹ کا رخ کررہے ہیں۔

تاہم مارکیٹ کے بعض مبصرین کے مطابق تقریباً نصف ممکنہ خریدار اب بھی انتظار کررہے ہیں اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام اور دسمبر میں امریکی مرکزی بینک کے شرح سود سے متعلق فیصلے کے بعد سونا خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔