اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے منع کیا ہے، تاہم ان کا محسن نقوی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں بلکہ 20 سے 22 سال پرانا تعلق ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر کوئی ذاتی بات نہیں کی۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر مشیر وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے اور یہ عمل صرف آئین کے تحت ہی ممکن ہے، جس پر پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ شکر ہے رانا ثناء اللہ نے اس حقیقت کو تسلیم کر لیا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بن سکتے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر کہا تھا کہ ایک وزیر آج کل روزانہ ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے اور جس دن انہوں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کر دیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔ محسن نقوی کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ محسن نقوی کوئی قائداعظم نہیں ہیں کہ وہ تین سال سے ان کی ذات پر تبصرہ کر رہے ہوں، انہوں نے نہ کبھی ان کی ذات پر تبصرہ کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کریں گے کیونکہ وہ جو ہیں بس وہی ہیں اور اس پر تبصرے کی ضرورت نہیں۔








