سوشل میڈیا(Social media) پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں مبینہ طور پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ایک خاتون سے گلے ملتے ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مذہبی رہنما کے طرزِ عمل پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
تاہم، یہ دعویٰ بے بنیاد ہے، ویڈیو میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ردوبدل کیا گیا ہے اور اس میں ایک اداکار کی جگہ مولانا فضل الرحمٰن کی تصویر شامل کی گئی ہے۔
دعویٰ
12 نومبر کو فیس بک کے ایک صارف نے آٹھ سیکنڈ دورانیے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں مبینہ طور پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ایک خاتون سے گلے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ شیئر کیے گئے کیپشن میں دعویٰ کیا گیا کہ اس میں سیاست دان کو ایک خاتون سے ہاتھ ملاتے اور گلے ملتے ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، اس منظر کو ان کے مذہبی بیانات کے تناظر میں پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑنے کی کوشش کی گئی، ویڈیو پر یہ عبارت بھی درج ہے: ’’مولانا فضل الرحمٰن کا اصلی چہرہ بے نقاب۔‘‘
اس نیوز آرٹیکل کی اشاعت کے وقت تک پوسٹ کو تقریباً 42 ہزار مرتبہ دیکھا جا چکا تھا، جبکہ اسے 332 لائکس مل چکے تھے۔
اسی طرح کے دعوے فیس بک پر بھی گردش کر رہے ہیں۔
حقیقت
اصل ویڈیو میں پاکستانی اسٹیج اداکارہ مہک ملک، اداکار معمر رانا سے ملاقات کرتی دکھائی دیتی ہیں، بعد ازاں ویڈیو میں معمر رانا کی جگہ مولانا فضل الرحمٰن کی تصویر لگا دی گئی۔
جیو فیکٹ چیک نے ویڈیو ریورس امیج سرچ (reverse image) اور کی ورڈ سرچ (keyword) کی مدد سے تلاش کی تو معلوم ہوا کہ اس میں نظر آنے والی خاتون اسٹیج اداکارہ مہک ملک ہیں۔
مارچ میں مہک ملک نے اپنے آفیشل ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہیں پاکستانی اداکار معمر رانا سے ملاقات کرتے دیکھا جا سکتا ہے، اس ویڈیو میں انہوں نے وہی لباس پہن رکھا ہے جو وائرل کلپ میں نظر آنے والی خاتون نے پہنا ہوا ہے۔
دونوں ویڈیوز کا تقابلی جائزہ لینے سے واضح ہوتا ہے کہ اصل فوٹیج میں معمر رانا کی تصویر کو مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد سے تبدیل کرکے اس کی جگہ مولانا فضل الرحمٰن کی تصویر شامل کی گئی۔
مہک ملک نے بھی جیو فیکٹ چیک سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کی مولانا فضل الرحمٰن سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی اور وائرل ویڈیو جعلی ہے۔
مزید برآں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ یا تبدیل شدہ ویڈیوز کی نشاندہی کرنے والے ٹول ڈیپ فیک او میٹر (DeepFake-o-Meter) سے کیے گئے تجزیے میں بھی اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا گیا کہ زیرِ گردش ویڈیو میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ردوبدل کیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کو ایک خاتون سے گلے ملتے ہوتے دکھانے والی وائرل ویڈیو میں ردوبدل کیا گیا ہے، اصل فوٹیج میں اسٹیج اداکارہ مہک ملک، اداکار معمر رانا سے ملاقات کر رہی ہیں، جن کی تصویر ہٹا کر اس کی جگہ مولانا فضل الرحمٰن کی تصویر شامل کی گئی۔








