اسلام آباد(نیوزڈیسک ) پی ٹی وی نے یوم آزادی پر ڈانس کی ویڈیوز کو پروپیگنڈا قراردے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سےجناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلی حکومتی شخصیات نےشرکت کی،اس تقریب میں ایک موقع پر ڈانس پرفارمنس بھی شامل کی گئی تھی جس میں مرد وخواتین ڈانسرز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تاہم اس سیگمنٹ کی ویڈیو ٹویٹر پروائرل ہوئی اور حکومت کیلئے شدید تنقید کی وجہ بن گئی، پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت ٹویٹر صارفین نے حکومت کو آڑےہاتھوں لیتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر ڈانس کی محفل منعقد کرنے پر خوب تنقید کی جس پر پی ٹی وی انتظامیہ کو بھی ردعمل دینا پڑا۔پی ٹی وی انتظامیہ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیغام سے کہا کہ براہ کرم 14 اگست 2022 کو روایتی اقدار اور جذبات کے مطابق منعقد ہونے والی قومی تقریب کو نقصان پہنچانے کے لیے مذموم عناصر کی جانب سے جعلی ویڈیوز اور گھناؤنے پروپیگنڈے کے استعمال سے آگاہ رہیں۔
پی ٹی وی کا مزید کہنا تھا کہ 14 اگست کو منعقد قومی سلامتی، یکجحتی اور حب الوطنی کو اُجاگر کی گئی قومی تقریب پر جھوٹ، بہتان اور بے بنیاد اِلزام لگانا ایک جرم سے کم نہیں ۔
اس موقع پر پی ٹی وی انتظامیہ نے کچھ ویڈیوز بھی شئیر کیں۔









