بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی نوجوانون باصلاحیت،ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کرسکتےہیں،زاہداکرم درانی

اسلام آباد(ممتازنیوز) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی نوجوانوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، ہمارے نوجوانوں نے دنیا بھر میں ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کی سربراہی میں گلگت بلتستان کے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
قائم مقام سپیکر نے طلباء کو ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے محنت کو جاری رکھنے اور حصول علم کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا روشن مستقبل ہونہار طلباء سے جڑا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہونہار طلباء وطالبات صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے ملک کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے میٹرک امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کا قائم مقام اسپیکر سے تعارف کروایا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔
قائم مقام سیکرٹری قومی اسمبلی چوہدری مبارک علی نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمّد مشتاق نے وفد کے شرکاء کو قومی اسمبلی میں قانون سازی کے طریقہ کار، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور کام کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی ۔بعدازاں طلباء سینیٹ اور قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ کیا۔