بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسمبلی میں محنت کش خواتین کی بھر پور نمائندگی کروں گی ، مہر بانو قریشی

ملتان(مقبول حسین)پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ این اے 157 کی خواتین باشعور ہیں وہ میدان عمل میں آچکی ہیں، مختلف یونین کونسلوں کی کارنر میٹنگز میں خواتین‘ ماؤں‘ بہنوں‘ بیٹیوں کی جانب سے بھر پور پذیرائی مل رہی ہے، اور وہ میدان سیاست میں آنے پر خراج تحسین پیش کررہی ہیں،انہوں نے عزم کرلیا ہے کہ 11ستمبر کوتحریک انصاف کے امیدوار کو بھر پور کامیابی سے نوازنا ہے۔ خواتین کی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے میں یقین دلاتی ہوں کہ این اے 157 کی خواتین بالخصوص محنت کش خواتین کی اسمبلی میں بھر پور نمائندگی کروں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل ٹاٹے پور میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم کی قیادت عوامی سیاست نہیں بلکہ مفادات کی سیاست کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم اقتدار کو تول دینے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ ان کے پاس ملک چلانے کا ایجنڈا ہے اور نا اہلیت‘ جتنی دیر یہ اقتدا ر میں رہے ملک کو نقصان پہنچتا رہے گا۔ ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں انہیں اقتدار چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا این اے 157 میرا گھر ہے یہاں کی عوام سے دیرینہ تعلق ہے۔ اس تعلق کو نبھانے کیلئے سیاست میں آئی ہوں۔ اس حلقے کی عوام نے میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی اور میرے بھائی مخدومزادہ زین حسین قریشی کو ہمیشہ عزت دی اور اپنا نمائندہ چنا۔ 11ستمبر کو حلقے کی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پی ڈی ایم کے نمائندہ کو مسترد کرکے عمران خان کے ہاتھ مضبو ط کریں گے۔ اس حلقے سے امیدوار اقتدار میں رہے ان کے والد ملک کے وزیراعظم رہے۔ میں یہاں کی عوام سے سوال کرتی ہوں کہ دوران وزارت عظمیٰ انہوں نے این اے 157کے لئے کیا کیا؟ کوئی ایک منصوبہ بتا دیں جو انہوں نے این اے 157 کیلئے منظور کیا ہو۔ انہوں نے کہا پاکستان کی عوام باشعور ہوچکی ہیں۔ عمران خان نے انہیں شعوری بیداری عطاء کی۔ یہ عمران خان کا دیا ہوا شعور ہے کہ آج کا نوجوان‘ بچہ‘ ماں‘ بہن‘ بیٹی عمران خان کے ساتھ ہیں انہیں پتہ ہا کہ عمران خان کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ پاکستان کی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات اور کراچی کا ضمنی انتخاب اس کی واضح مثال ہے۔ میں این اے 157 کی ماؤں‘ بہنوں اور بیٹیوں کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ آئیں اور 8ستمبر کو پارٹی چیئرمین عمران خان کااین اے 157 میں والہانہ استقبال کریں۔ قائد کا بیانیہ سنیں اور مستقبل کا لائحہ عمل سنیں۔این اے 157 کی غیور عوام 11ستمبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔ صرف عمران خان ہی واحد قیادت ہیں پورے پاکستان کی نظریں ان کی طرف ہیں۔ کنونشن میں خواتین نے بھر پور شرکت کی اور آمد پر محترمہ مہر بانو قریشی کا بھر پور استقبال کیا۔