بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم عدم اعتماد کو ٹالنے،اپوزیشن کو بکھیرنے کیلئے ایمرجنسی لگا سکتے ہیں ،معروف تجزیہ نگار کا دعویٰ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپنی چڑیاکے حوالے سے شہرت رکھنے والے معروف سیاسی تجزیہ نگار نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعظم عمران خان موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لئے ملک میں ایمرجنسی بھی لگا سکتے ہیں۔نجی ٹی وی پر پروگرام میں اپنے تجزیئے کے دوران نجم سیٹھی نے کہاکہ یکے ، کارڈاور سیاسی سرجیکل سٹرائیک جیسی باتیں وزیراعظم عمران خان،وزیراطلاعات فواد چودھری،وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیر دفاع پرویزخٹک کرچکے ہیں یہ یکہ ، کارڈاور سیاسی سرجیکل سٹرائیک کیا ہوسکتاہے اس بارے میں کچھ لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان اپوزیشن کو روکنے کے لئے 27یا 28مارچ کو ملک میں صدرکے ذریعے ایمرجنسی لگاسکتے ہیں،اس سلسلے میں ایک صدارتی آرڈر جاری کیا جاسکتا ہے جس میں خراب حالات کوایمرجنسی کا جواز بنایا جائے گا۔گو کہ اس حوالے سے کچھ آئینی مسائل ہوںگے تاہم ایگزیکٹواتھارٹی ہونے کی حیثیت سے عمران خان اپوزیشن کو روکنے کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر ایمرجنسی نافذکی جاتی ہے تو یقیناً اسے اپوزیشن کی طرف سے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا اور عدالت اس اقدام کے خلاف فیصلہ دے سکتی ہے لیکن ایمرجنسی کے نفاذکا فائدہ یہ ہوگا کہ عمران خان کے خلاف سیاسی ماحول بناہواہے اس میں کمی آجائے گی ۔چنانچے عدم اعتماد کی ہوا کو ٹالنے کے لئے اور اپوزیشن کو بکھرنے کے لئے عمران خان وقتی طور پر یہ فیصلہ کرسکتے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ 27 تاریخ کو اپوزیشن کی ساری کوششوں پر پانی پھیر دونگا۔