ملتان(ممتاز نیوز)این اے 157 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ اقتدار کے لئے نہیں عمران خان کے نظریہ کو تقویت دینے کیلئے میدان میں آئی ہوں۔ خوشی ہے کہ این اے 157 کی عوام اور خاص طور پر شہری ودیہی خواتین عمران خان کے ساتھ ہیں۔ 11ستمبر کو بلے کے نشان پر مہر لگائیں گی۔ اس ملک کی اکثریتی آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ جن کے حقوق کو ہمیشہ سلب کیا گیا ہے۔ عمرا ن خان نے خواتین کو باعزت مقام دیا اور بااختیار بنایا۔ انشاء اللہ اسمبلی میں حلقے کی خواتین کی نمائندگی کا حق ادا کرونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل کڑڑی ٹمک میں مہر دلیرخان مہار اور مہر دلبر خان مہار کے زیر اہتمام خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اس حلقے کی عوام سے دیرینہ تعلق ہے۔ میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی اور میرے بھائی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے ہمیشہ آپ کا نہ صرف ساتھ دیا ہے بلکہ ہر دکھ درد میں شریک ہوئے ہیں۔ میں اسی تعلق کی تجدید کیلئے حلقے میں آئی ہوں۔ اور ہمیشہ آپ سے ہمارے خاندان کا تعلق برقرار رہے گا۔ عمران خان اس وقت وفاق کی علامت اور واحد لیڈر ہیں جنہیں چاروں صوبوں‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی عوام بھی اپنا قائد تسلیم کرتے ہیں۔ کراچی کے ضمنی الیکشن میں بھی تحریک انصاف نے بھر پور کامیابی حاصل کی۔ اور انشاء اللہ عوام کے ووٹوں سے میں بھی منتخب ہو کر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کروں گی۔ ہم تحریک انصاف کے کارکن ہیں۔ اور ضمنی الیکشن میں عمران خان کا بیانیہ گھر گھر پہنچایا ہے۔ مجھے اس بات پر فخر ہے این اے 157کی خواتین نے مجھے اپنی بہن‘ اور بیٹی کی حیثیت سے جو پذیرائی دی ہے اسے کسی طرح بھی فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا حلقے کی عوام باشعور ہیں۔ انہوں نے ماضی میں بھی اس حلقے میں تحریک انصاف کی کامیابی میں پورا کردار ادا کیا اور اب بھی انہوں نے عزم کیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے بھر پور کوششیں کریں گی۔ مجھے توقع ہے کہ آج بابر چوک پر ہونے والے عمران خان کے جلسے میں حلقے کی خواتین حسب روایت بھر پور شرکت کریں گی اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گی۔ انہوں کہا میں عوام کے پاس جھوٹے وعدے نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور لیکر آئی ہوں۔ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق عوام اور حلقے کی ترقی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کروں گی۔ انہوں نے کہا میں حلقے کی عوام سے درخواست کرتی ہوں اپنے بہتر مستقبل‘ خوشحالی اور آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے 11ستمبر کو بلے پر مہر لگا کر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔ اس موقع پر خواتین نے مہر بانو قریشی کوپھولوں کے ہار پہنائے‘ پتیاں نچھاور کیں اور بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔
اقتدار کے لئے نہیں عمران خان کے نظریہ کو تقویت دینے کیلئے میدان میں آئی ہوں،مہربانو قریشی







