بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شفاف الیکشن ہرپاکستانی کا مطالبہ، سیلاب زدگان کی بحالی کا میکانیزم بنایا جارہا ہے ، اسلم اقبال

ملتان (ممتازنیوز) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیلاب زدگان کیلئے فنڈ جمع کرنے کے لئے ٹیلی تھون کو پیمر ا کی طرف سے بند کرانا افسوسناک امر ہے، پنجاب اسمبلی میں اس حوالے سے قرارداد منظور کروائی گئی ہے کہ حکومت ٹیلی تھون روکنے کے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نےکہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث صنعتیں بند اور معیشت کا پہیہ جام ہورہا ہے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پرسرمایہ کاروں کو قرضے دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی وجہ سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی تھی لیکن نحوست لیگ کی وجہ سے کوئی یہاں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں،لوگ موجودہ وزیر اعظم پراعتماد نہیں کرتے اسی لیے انہیں کوئی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے فنڈ نہیں دے رہے،لوگ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو فنڈدینے کا مطلب پیسہ صحیح جگہ دینا ہے، کرپٹ ٹولہ اپنے کیسز ختم کروانے کیلئے اقتدار میں آیا اس نحوست لیگ نے پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی جب سے یہ نحوست لیگ آئی ہے ملک نیچے جارہا ہے، ہر پاکستانی کا مطالبہ ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن جلد کروائے جائیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کا میکانیزم بنایا جارہا ہے،سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب میں گندم کا کوئی بحران نہیں، پنجاب ،کے پی کے، بلوچستان،گلگت بلتستان اور دیگر اکائیوں کی گندم کی ضروریات بھی پوری کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں انسانی جانوں کے ضیاع، فصلوں،مویشیوں اور دیگر املاک کے نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں ہونے والے نقصان کا ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا۔
ملتان کے سیوریج نظام کو ترجیحی بنیادوں پر درست کریں گے اور واسا ملتان کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے، جاپان کی طرف سے جائیکا منصوبہ کے تحت ڈیڑھ ارب روپے سے واسا ملتان کو مشینری اور دوسرا سامان مہیا کیا جائے گا۔