بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کا سعودی ولی کو ٹیلی فون ،قومی دن کی مبارکباددی ،رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

جدہ ( امیر محمد خان) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو ٹیلیفونک کرکے 92ویںقومی دن کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے عوام کے لیے بھی تہنیتی پیغام دیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے ولی عہد کو سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین اور شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے زمینی سیلاب سے متعلق امداد پر شکریہ ادا کیا۔ ۔ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور بے مثال سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے مملکت کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے مملکت کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافہ کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔