پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی شہرت صرف سرحد پار ہی نہیں سمندر پار بھی پہنچ گئی ہے۔
فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کے عرب ممالک میں بھی خوب چرچے ہو رہے ہیں یہاں تک کہ سعودی عرب میں فلم کو عربی ترجمے کے ساتھ دکھایا جائے گا۔
سعودی عرب کے سنیما گھروں میں فلم کو عربی ترجمے کے ساتھ 13 اکتوبر کو ہی ریلیز کیا جائے گا۔
اس فلم میں اداکار فواد خان نے مولا جٹ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ ماہرہ نے مکو جٹی کا کردار نبھایا ہے۔
1979 کی کلاسک فلم مولا جٹ کے ریمیک میں حمزہ علی عباسی مولا جٹ کے حریف نوری ناتھ کا کردار ادا کریں گے جبکہ حمائمہ ملک دارو کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
گلوکار فارس شفیع نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں مودا کے کردار سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے۔
بین الاقوامی معیار کی VFX مہارت کے ساتھ اس فلم کو اس منفرد انداز سے تخلیق کیا گیا ہے جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، اس لیے فلم کی ٹیم نے دعوی کیا ہے کہ فلم کا ہر منظر دیکھنے والے اپنی نشستوں سے اٹھ نہیں پائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی تاریخ کی مہنگی ترین ایکشن فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ایڈوانس بکنگ کا آغاز 30 ستمبر سے ہو گیا ہے اور ٹکٹس پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔
فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی شہرت عرب ممالک تک پہنچ گئی








