ڈیرہ بگٹی/کوئٹہ(ممتازنیوز) قبائلی رہنما میرعطاء اللہ کلپربم حملے میں 6ساتھوں سمیت زخمی ہوگئے جبکہ ایک لیویز اہلکار شہید ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کونامعلوم افراد نے ڈیرہ بگٹی میں قبائلی رہنما میرعطاء اللہ کلپر کی گاڑی پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار سلیم جان شہید ہوگیا جبکہ میرعطاء اللہ کلپرچھ ساتھیوں سمیت زخمی ہوگئے جنہیں سوئی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا حملہ آئی ای ڈی سے کیا گیا ۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے قبائلی رہنما عطا کلپر بگٹی اور ان کے ساتھیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔وزیراعلیٰ نے عطا کلپر بگٹی اور دیگر زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومتی اخراجات پر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلی بلوچستان کو مشیر داخلہ نے بذریعہ ٹیلیفون واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ مشیر داخلہ نے سینیٹر میر سرفراز بگٹی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیااور دہشت گردی کے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔
قبائلی رہنما میرعطاء اللہ کلپربم حملے میں 6ساتھوں سمیت زخمی ،ایک لیویز اہلکار شہید








