اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے دفتر میں کنوینر محمود احمد ساغر کے زیر صدارت ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔اس موقع پر مہمان خصوصی عبدل رشید ترابی اور دیگر مہمان گرامی ،جن میں فرزانا یعقوب، راجہ نجابت حسین، غلام نبی بٹ، راجہ پرویز ، راجہ بشیر عثمانی نے شرکت کی، یوم شہدائے جموں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اس دن کو اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں کہ وہ اپنا ناقابل تنسیخ حق، حق خود اراداریت تسلیم کیے جانے تک شہداکا مشن جاری رکھیں گے۔ مقررین اور حریت رہنمائوں نے کہا بھارت کی درندہ صفت فوج اور ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی ظالم فوجیوں مکروہ و فریب سے کشمیری عوام کو اپنے حق سے محروم کرنے کیلئے ظلم کی انتہا کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہدانے اپنی جانیں ایک عظیم مقصد کیلئے قربان کیں اور ان کی بیش بہاقربانیاں ہرگز فراموش نہیں کی جاسکتیں۔یاد رہے کہ تاریخ کشمیر کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور ہند و انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ رواں تحریک آزادی کشمیر شہداء کے مشن کو آگے لیکر اپنی پرامن جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کی غلامی سے آزاد ہوکر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔










