اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے تجارت و سرمایہ کاری نوید قمر پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن کے صدر منتخب ہو گئے۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوید قمر نےارجنٹائن کی سینئر رکن پارلیمنٹ ڈپ مارگریٹا اسٹوبیلزر کو 90فیصد سے زیادہ ووٹوں کی بھاری اکثریت سے شکست دی۔
الیکشن بیونس آئرس ارجنٹائن میں گذشتہ روزمنعقد ہوئے جس میں دنیا بھر کی 140 پارلیمانوں میں سے 133 منتخب اراکین نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا اور سید نوید قمر کو اپنا نیا صدر منتخب کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوید قمر پہلے پاکستانی ممبر پارلیمنٹ ہیں جو دو سال (2023-2024) کے لیے پی جی اے کے صدر منتخب ہوئے ۔ وہ سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے پارلیمنٹیرین ہیں جوسابق وزیر اعظم، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ رکن پارلیمنٹ رہےاور نشان پاکستان بھی حاصل کیا۔
واضح رہے کہ پی جی اے دنیا بھر میں 140 سے زیادہ منتخب پارلیمانوں میں تقریباً 1,300 قانون سازوں کا ایک غیر منافع بخش، غیر جانبدارانہ بین الاقوامی نیٹ ورک ہے جسے 1978 میں واشنگٹن ڈی سی میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کے ایک گروپ نے قائم کیا تھا۔
پی جی اے نیویارک اور دی ہیگ میں قائم سیکرٹریٹ کی تکنیکی اور قانونی مدد سے ایگزیکٹو کمیٹی اور بین الاقوامی کونسل کی سیاسی ہدایت کے تحت کام کرتا ہے۔
وزیر تجارت نوید قمر پارلیمنٹرینز فارگلوبل ایکشن کے صدرمنتخب








