اسلام آباد(کامرس ڈیسک) ایف بی آر نے ٹیکس ڈیٹا لیک ہونے کے معاملے پر دو سینئر افسران کوچار ماہ کےلیے معطل کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق دو نوں افسران پر مبینہ طور پر سابق آرمی چیف جنر ل( ر) قمر جاوید باجوہ کے اہلخانہ کی ٹیکس معلومات کے لیک ہونے سے متعلق الزامات ہیں ،ایف بی آرکے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر ایڈمن پول میں سیکرٹری کے عہدےپر تعینات دونوں افسران ظہور احمد اور عاطف نواز وڑائچ کو ملازمت کے رولز اینڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر فوری طورپر 120 روز کے لیے معطل کیاگیا ہے، ان گریڈ 18کےافسران کا چند روز پہلےہی لاہور کارپوریٹ آفس سے ایف بی آر ہیڈکوارٹراسلام آباد میں تبادلہ کیا گیا تھا جہاں وہ بطور ڈپٹی کمشنرز تعینات تھے ،دونوں افسران کو چیئرمین ایف بی آر ، سیکرٹری ریوینو عاصم احمد کے احکامات پر معطل کیاگیا ہے، ذرائع کے مطابق ٹیکس معلومات کو غیر قانونی اور بغیر اجازت افشا کرنے پر ایک سال کی قید کی سز ا ہے، سابق آرمی چیف کے اہلخانہ کی ٹیکس معلومات افشا کرنے کے معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہیں، ترجمان ایف بی آر ممبر پالیسی آئی آر آفاق قریشی نے اس حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی کہ ان دو افسران کو ٹیکس معلومات افشا کرنے کےکے معاملےپر ہی معطل کیا گیا انہوں نے بتایا کہ سرکاری طور پر ان کے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں آئی۔
ٹیکس ڈیٹا لیک ہونیکا معاملہ، FBR کے 2 افسران چار ماہ کیلئے معطل








