بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی دربار حضرت بہاء الدین زکریا ؒ اور حضرت شاہ رکن عالم ؒ پر آمد

ملتان(مقبول حسین)ملتان میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ کے حوالے سے آئے ہوئے برطانوی ہائی کمیشن کے وفد نے گزشتہ روز دربار حضرت بہاء الدین زکریا اور حضرت شاہ رکن الدین عالم کا دورہ کیا۔ سابق وزیر خارجہ و سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے صاحبزادے اور رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مخدومزاہ زین حسین قریشی نے کہا ملتان کی تاریخ اور ثقافت 5 ہزار سال پرانی ہے۔ اور ملتان کے مزارات ملتان کی پہچان ہیں۔ پوری دنیا سے سیاح ملتان تشریف لاتے ہیں تو درباروں پر ضرور آتے ہیں۔ ملتان کے مزارات سیاحوں کیلئے پرکشش اور قابل دید ہیں۔ انہوں نے ملتان میں کرکٹ ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر برطانوی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا اہلیان ملتان نے مہمان ٹیم کا بھر پور خیر مقدم کیا۔ ایک طویل عرصے بعد اہلیان ملتان کو ایک اچھا کرکٹ ٹورنامنٹ دیکھنے کو ملا۔ برطانوی وفد کی قیادت پولیٹیکل قونصلر زو وارنے کی۔مخدومزادہ زین حسین قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا برطانوی وفد کی سربراہ نے کہا کرکٹ ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے موقع پر ملتان آنے کا موقع ملا۔ ملتان جیسے قدیم شہر میں آکر خوشی ہوئی۔ ملتان کے لوگ میٹھے اور مہمان نواز ہیں۔ ملتان سٹیڈیم میں عوام نے دونوں ٹیموں کا ساتھ دیا۔ اور مہمان ٹیم کی بھی بھر پور پذیرائی کی۔ ہم اہلیان ملتان کے شکر گزار ہیں۔ ملتان کے مزارات تاریخی اور قدیم ہیں۔ ان کا فن تعمیر اور ثقافت قابل تحسین ہے۔ ملتان جیسے قدیمی شہر آکر بہت خوشی محسوس ہوئی۔ یہاں کے مزارات دیکھنے کی خواہش تھی جو ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے موقع پر پوری ہوئی۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے ہائی کمیشن کے وفد کو مزارات کی فن تعمیر اور صوفیا کرام کی تعلیمات بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمیشن کے پولٹیکل ایڈوائزر طلال رضا‘ برطانوی ہائی کمیشن کے سیکنڈ سیکرٹری کیزیا ایکسلے‘ محمود گروپ آف انڈسٹریز کے سی ای او خواجہ انیس‘ حسن حسین قریشی‘ تیمور ملک‘ زین بلوچ ودیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھے۔