ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے ایک جملے نے سوشل میڈیا پر ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا، تاہم 83 سالہ اداکار نے واضح کردیا ہے کہ ان کا کام چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
امیتابھ بچن نے ایک اخباری تراشہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں ان کی ریٹائرمنٹ کی خبر شائع ہوئی تھی، اداکار نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بلاگ میں لکھا تھا کہ ’’دیر ہوگئی ہے، ریٹائر ہونے کا وقت آگیا ہے‘‘، تاہم ان کے الفاظ کا مطلب وہ نہیں تھا جو خبر میں اخذ کیا گیا۔
اداکار کے مطابق ان کا اشارہ اداکاری یا ٹیلی ویژن سے ریٹائرمنٹ کی جانب نہیں بلکہ دن بھر کے کام کے اختتام کی طرف تھا۔ ان کا مطلب صرف یہ تھا کہ کافی دیر ہوچکی ہے اور اب سونے کا وقت ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں وضاحت کی کہ ’’ریٹائر‘‘ سے مراد کام سے فارغ ہوکر سونے کے لیے جانا تھا اور مزاحاً یہ بھی کہا کہ اس موقع پر کسی معزز شخص کے آنے کی دعوت نہیں ہے۔
یوں امیتابھ بچن نے خود ہی اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کردیا کہ وہ بدستور کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرا دی گئی
امیتابھ بچن اس وقت مقبول ٹی وی گیم شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام پہلی مرتبہ 2000ء میں نشر ہوا تھا اور وقت کے ساتھ بھارتی ٹیلی ویژن کے مقبول ترین شوز میں شامل ہوگیا۔









