اسلام آباد(ممتاز نیوز)سیکرٹری پاکستان میڈیکل کمیشن (PMC) اور ان کی ٹیم نے آج پیر کو وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور بلوچستان اور سابق فاٹا کے لیے مخصوص نشستوں کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔پی ایم سی نے بتایا کہ سابق فاٹا اضلاع اور صوبہ بلوچستان کے امیدواروں کے لیے پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلے کے لیے مخصوص نشستیں بحال کر دی گئی ہیں۔ ساجد حسین طوری نے اس بات پر زور دیا کہ تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ آنے والے سالوں میں طلباء کو دوبارہ ان مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نئے ضم ہونے والے اضلاع کے طلباء کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ان علاقوں کو ملک کے مرکزی دھارے میں لایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی سیٹیں کم کرنے کے اعلان سے فاٹا اور بلوچستان کے طلباء کو مایوسی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کے وقت یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بلوچستان اور فاٹا کے طلباء کی نشستوں کی تعداد کو اگلے دس سال تک دوگنا رہے گا اور ان میں کمی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پی ایم سی کا بروقت نشستیں کم کرنے کا فیصلہ واپس لینا خوش آئند ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے ان سے اور چیئرمین پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور آج الحمدللہ یہ مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل کر دیا گیا۔حکومت کی جانب سے پی ایم سی کو واضح ہدایات ہیں کہ مستقبل میں بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے لیے مخصوص نشستیں کبھی کم نہ کی جائیں۔
پی ایم سی کا بروقت نشستیں کم کرنے کا فیصلہ واپس لینا خوش آئند ہے،ساجد حسین طوری








