ہر ی پور(مشرف ہزاروی )خیبر پختونخوا کی ویلج،نیبر ہڈ اور تحصیل کونسلوں کے چیئرمین و ممبران ایک سال بعد بھی اختیارات نہ ملنے پر سراپا احتجاج،صوبہ بھر کی طرح ہری پور میں بھی یوم سیاہ،تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان کے ہمراہ پی ٹی آئی و دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے چیئرمین بھی ریلی کی شکل میں ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ گئے،اختیارات فراہمی کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر 2021 کو منعقد ہوئے تھے مگر ایک سال گذرنے کے بعد بھی ان کامیاب ہونے والے صوبے کے تمام تحصیل ،ویلج اور نیبر ہر کونسلوں کے چیرمینوں اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات تفویض نہیں کیے گئے جس پر منتخب تحصیل و ویلج کونسل کے چئیرمینوں اور ممبران نے اس حق تلفی کے خلاف آج صوبہ بھر میں یوم سیاہ منایا اور صوبائی حکومت سے اختیارات فراہمی کا مطالبہ کیا۔ہری پور کے بلدیاتی نمائندگان و چئیرمینوں نے تحصیل چیئرمین سمیع اللہ خان کی معیت میں ڈپٹی کمشنر آفس میں احتجاج ریکارڈ کرایا اور ڈپٹی کمشنر ہری پور محمد فواد کو اپنے مطالبات سے آگاہ کیا جنھوں نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات و تحفظات صوبائی حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران خان جدون بھی موجود تھے۔ڈی سی آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندگان نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کو دیوار کے ساتھ لگا رہی ہے جو قابل مذمت اور صوبہ بھر کے عوام کی توہین ہے جن کے مینڈیٹ سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو ابھی تک صوبائی حکومت اختیارات نہیں دے رہی۔۔









