دوحا(شوبز ڈیسک) بالی ووڈکی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون کا فیفا ورلڈ کپ 2022ء قطر کے فائنل میں ٹرافی کی رونمائی کرتے زیب تن کئے لباس پرناقدین کیلئے اداکارہ کا جواب سامنے آگیا۔
این ڈی ٹی وی نیوز کے مطابق قطر میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان اتوار کو کھیلے گئے فائنل سے قبل بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اسپین کے سابق کپتان ایکرکیسیاس نے ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کی۔اس دوران زیب تن کیے گئے بھارتی اداکارہ کے لباس کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور فیشن سینس پر سوالات اٹھائے گئے۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون جو کہ بین الاقوامی فیشن لیبل لوئس ووٹن کی سفیر بھی ہیں، اسی وجہ سے وہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کرنے والی پہلی ہندوستانی بنیں۔
فیشن لیبل اور دیپیکا پڈوکون نے اپنے انسٹاگرام پر فیفا ورلڈکپ 2022 اور دیپیکا پڈوکون کے ہیش ٹیگس کے ساتھ ویڈیو شیئر کی۔ویڈیو میں دیپیکا پڈوکون کو ورلڈ کپ ٹرافی کے ٹرنک کے ساتھ ایک سرکاری کتاب پر دستخط کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔بھارتی اداکارہ نے ویڈیو میں بتایا کہ” وہ فیفا ورلڈ کپ فائنل کی تقریب کے انتخاب پر شکر گزار ہیں، یہ میرے لیے واقعی قابل فخر لمحہ ہے، میں فٹ بال ورلڈکپ فائنل میں اور دوحا پہلی بار آئی ہوں”۔دیپیکا پڈوکون نے اس موقع پر خصوصی طور پر بنائے گئے لباس سے متعلق بتایا کہ “یہ میرے دوست فرانسیسی فیشن ڈئزائنر نکولس نے بنایا ہے ،مجھے یہ لباس بہت پسند ہے اور یہ ٹرافی کی نقاب کشائی سے متعلق میرے کام کےلیے بالکل پرفیکٹ ہے، اس کے ساتھ یہ واقعی آرام دہ بھی ہے”۔
واضح رہے کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی اگلی فلم” پٹھان” ہے جو 25 جنوری کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں اداکارہ کے ساتھ شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔









