پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے، گورنر پنجاب نے آرڈر جاری کیا ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر وزیراعلیٰ اعتماد کا ووٹ لی۔
لاہور کے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اسپیکر نے منظور وٹو کیس کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعلیٰ کو کم از کم 10 دن کا وقت دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاسی صورتِ حال بدل رہی ہے، پی ڈی ایم کہتی ہے الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے، پی ڈی ایم کی تحاریک کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے۔ پرویزالہیٰ کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جبکہ ق لیگ کے 10 ارکان نے پرویزالہیٰ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سندھ کے عوام کا پیسہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ پر خرچ ہورہا ہے، ایم پی ایز نے بتایا کہ انہیں پیسوں کی آفرز آرہی ہیں۔ ہماری خواتین اراکین کو پہلے 5 کروڑ روپے آفر کیے گئے، ان ایم پی ایز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پیسوں کی آفر مسترد کردی۔
اس موقع پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک تماشہ لگایا ہوا ہے، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی نے کل گورنر ہاؤس پنجاب کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کے باہر کل 5 بجے مظاہرہ ہوگا، جس میں عمران خان کارکنوں سےخطاب کریں گے۔
انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ کل گورنر ہاؤس ضرورپہنچیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب عوام خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔
پی ٹی آئی کا گورنر ہاؤس پنجاب کے باہر احتجاج کا اعلان








