بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ بلوچستان سے صادق سنجرانی،غفورحیدری کی ملاقات،این ایف سی کے تحت بلوچستان کو کم حصہ ملنے پر اظہارتشویش ،معاملہ وفاق کیساتھ اٹھانے کا فیصلہ

کوئٹہ(ممتازنیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی ،اس موقع پر صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی ،میر نصیب اللہ مری ،میر محمد خان لہڑی ،میر سکندر عمرانی ،پارلیمانی سیکرٹری ملک نعیم بازئی اور خلیل جارج کے علاوہ سینٹر منظور احمد خان کاکڑ ،آغا عمر احمد زئی اور رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو بھی ملاقات موجود تھے ۔ملاقات میں ملک اور صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی کی جانب سے مالی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ گزشتہ سال بلوچستان کو این ایف سی کے تحت ملنے والے شیئر میں 11 ارب روپے کم ملے جبکہ رواں مالی سال کے دوران پانچ ماہ میں وفاقی حکومت سے مجموعی طور پر 27 ارب روپے کم موصول ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ ہی صورتحال برقرار رہی تو تنخواہوں کے لئے بھی فنڈز نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پی پی ایل کے ذمہ 30 ارب روپے کے واجبات ہیں۔ ملاقات میں بلوچستان کو درپیش مالی مسائل اور صوبے کو وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے حصے کے اجراء میں کمی پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔ چیئر مین سینیٹ اور سینیٹر عبدالغفور حیدری کی جانب سے وفاق میں بلوچستان کا کیس بھرپور انداز سے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ۔ملاقات میں فیصلہ کیاگیاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزراء اور صوبے کی سیاسی قیادت کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کرینگے۔۔وزیراعلیٰ کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیاگیا۔