کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی دینے والے سادھو کی گرفتاری کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
انڈین فلم ’’پٹھان‘‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے پیدا ہونے والا تنازع مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
ایودھیا سے تعلق رکھنے والے ایک سادھو کی ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر انھیں شاہ رخ خان کہیں مل گئے تو وہ انھیں ’زندہ جلا دیں گے‘۔
اتنا ہی نہیں انہوں نے شاہ رخ کے ساتھ ساتھ عامر خان اور سلمان خان کو بھی ’جہادی‘ قرار دیتے ہوئے انھیں مارنے کی دھمکی دی ہے۔
سادھو کی یہ ویڈیو کئی بھارتی ٹی وی چینلز پر دکھائی جا رہی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’زعفرانی رنگ ہندوؤں کا رنگ ہے اور فلم پٹھان کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں اس رنگ کی توہین کی گئی ہے‘۔
سوشل میڈیا پر جہاں شاہ رخ خان اور فلم کے اس گانے کی وجہ سے اس کے بائیکاٹ کے مطالبات ہو رہے ہیں وہیں متنازع گانے کے اب تک یو ٹیوب پر نو کروڑ سے زیادہ ویوز ہو چکے ہیں۔









