بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت ظالمانہ کارروائیوں سے حریت قیادت کو اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں کراسکتا، شیخ عبدالمتین

 اسلام آباد(ممتازنیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین نے بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے غیر قانونی طور پر جماعت اسلامی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور شہید سید علی گیلانی کی سرینگر رہائش گاہ کو سیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایسی ظالمانہ کارروائیوں سے حریت قیادت کو اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں کراسکتا۔
اپنے ایک بیان میں شیخ عبدالمتین نے کہاکہ بھارت ظالمانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوشش کررہا ہے ،پہلے اس نے حریت کی پوری قیادت کو پابند سلاسل کردیا اس کے بعد دوران حراست انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایااور اب ان کے گھروں کو سیل کررہا ہے تاکہ کشمیری قیادت اپنی عوام کی جدوجہد سے دستبردار ہوسکے۔
حریت رہنماء نے کہا کہ حریت قیادت اور کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں ،بھارت کے ظالمانہ اقدامات اور حربے ان کی جدوجہد میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق خودارادیت کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ قربانیاں منزل کے حصول تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے جیلوں میں بندحریت قیادت اور کارکنوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیری رہنماوں اور کارکنوں کو مقبوضہ کشمیر سے باہر بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں منتقل کردیا ہے جس سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں ۔
انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ حریت قیادت اور کارکنوں کی رہائی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ جیل میں بند حریت رہنماؤں کو بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)کی طرف سے کالے قانون، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے)کے تحت بنائے گئے جعلی مقدمات پر بھارتی تہاڑ جیل میں غیر قانونی حراست کا سامنا ہے۔