ہری پور(ممتازنیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی تسنیم اختر قریشی کا ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس (ایچ ای سی) حطار کا دورہ، مزدوروں نے معروف لیبر لیڈر و ہزارہ لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری طاہر امین کی قیادت میں اپنے مطالبات پیش کر دیئے۔
طاہر امین نے ورکرز کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کو بتایا کہ نجکاری لسٹ میں ہونے سے ایچ ای سی کے کنٹریکٹ ملازمین سخت تشویش میں مبتلا ہیں اس لیے ادارے کو نجکاری فہرست سے نکال کر اسے پراجیکٹس دیے جائیں تا کہ ادارہ بھی قائم رہے اور مزید یہ کہ وفاقی حکومت نے ایم این اے عبد القادر مندوخیل کی سربراہی میں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے قائم کی گئی کمیٹی میں ایچ ای سی ورکرز کی مستقلی کا معاملہ بھی اٹھایا جائے علاوہ ازیں ادارے کی نجکاری ناگزیر ہو تو ورکرز اور افسران کو معقول پیکج دیا جائے اور ادارے کی نجکاری کے مرحلے کے دوران ورکرز کی تنخواہوں میں تاخیر اور رکاوٹ کو دور کر کے تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی یقینی بنائی جائے جس پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی تسنیم اختر قریشی نے ورکرز اور ان کی قیادت کو مذکورہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جب کہ فیکٹری انتظامیہ کو ایچ ای سی کے غیر مستقل ملازمین کی لسٹیں فوری طور پر ریگولرائزیشن کمیٹی کو بھیجنے کی ہدایت کی جس پر لیبر لیڈر طاہر امین اور ورکرز نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔
تسنیم اختر قریشی کا ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس حطار کادورہ، مزدوروں نے اپنے مطالبات پیش کر دیئے








