ملتان ( ممتازنیوز) ایوان تجارت و صنعت ملتان کے ایک وفد نے صدر میاں راشد اقبال کی قیادت میں چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو عابد محمود خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں سینیئر نائب صدر ندیم احمد شیخ،نائب صدر شیخ محمد عاصم سعید،سابق صدور میاں فضل الہی شیخ،خواجہ محمد حسین اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق شامل تھے ۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر بلال احمد اور محترمہ زاہدہ سرفراز بھی موجود تھیں ۔میاں راشد اقبال نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو عابد محمود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت بحرانی کیفیت سے گزررہی ہے ایسے میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ ناگزیر ہے جس کے لیے ایف بی آر اور ٹیکس گزار کے مابین خوف کی فضاء دور کرنے اور دوستانہ ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ بخوشی ٹیکس نیٹ میں داخل ہو کر اپنی رضا مندی سے ٹیکس دیں ۔انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے ایوان تجارت و صنعت میں اجلاس منعقد کرکے ہر سیکٹر کے کاروباری طبقہ سے ملاقاتیں کی جائیں کھلی کچہری منعقد کی جائے لوگوں کے مسائل سنے جائیں انہوں نے تجویز دی کی ایف بی آر پیمرا سے رابطہ کرکے ڈراموں میں وقفہ کے دوران ٹی وی چینلز پر ٹیکس ادائیگی اور نیٹ میں اضافہ کے لیے مہم چلائی جائے اس موقع پر ایوان کے نمائندگان نے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے لیے تجاویز دیں اور مسائل سے بھی آگاہ کیا چیف کمشنر عابد محمود خان نے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان کی ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے لیے تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں اور انہیں اعلی حکام تک پہنچائیں گے انہوں نے ایوان کے صدر کی جانب سے ایوان تجارت و صنعت کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلد ایوان کے دورے کی یقین دہانی کرائی ۔
معیشت بحرانی کیفیت کا شکار، ٹیکس نیٹ میں اضافہ ناگزیر ہے، صدرایوان تجارت و صنعت ملتان کی چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سے ملاقات میں گفتگو








