اسلام آباد (ممتازنیوز )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری، سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے آئی ٹین فور اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ بعض پولیس افسران اور شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور شہید پولیس اہلکار کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جس نے اپنی جان کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں اور دہشت گرد حملوں کے واقعات کے دوبارہ سر اٹھانے سے ملک کی تاجر برادری میں تشویش بڑھ رہی ہے کیونکہ وہ ایسے واقعات کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو پہلے ہی 150 ارب ڈالر سے زائد کا بھاری نقصان ہو چکا ہے لہذا پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے دوبارہ ابھرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ اس سے معیشت کو بہت نقصان پہنچے گا جبکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا اشد ضروری ہے جس کیلئے پاکستان کو ایک پرامن ماحول کی ضرورت ہے تاہم بنوں میں دہشت گردوں کے حملے اور آئی ٹین فور اسلام آباد میں خودکش دھماکے جیسے واقعات بہت تشویشناک ہیں کیونکہ ایسے واقعات کے دوبارہ سر اٹھانے سے بزنس کمیونٹی کا ذہبی سکون برباد ہو گا جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اعتماد متزلزل ہو گا۔اس صورتحال سے پاکستان کی پہلے سے کمزور معیشت مزید زوال پذیر ہو گی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کو پوری قوت کے ساتھ کچلنے کیلئے اقدامات کرے اور پرامن و مستحکم ماحول کے قیام کے لیے دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور ہمدردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو پورے زور کے ساتھ توڑا جائے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جانی چاہیے اور کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس کیلئے پاکستان کی مسلح افواج،سکیورٹی فورسز اور قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پورے ملک کی تاجر برادری پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی کوششوں میں مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
دہشتگردی کے بڑھتے واقعات پر تاجر برادری تشویش میں مبتلا، دہشت گردوں کو پوری قوت کے ساتھ کچلاجائے،احسن ظفر بختاوری،فادوحید








