اسلام آباد(ممتاز نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے اقوام عالم میں ایک باعزت مقام حاصل کرنے کے لیے قائدا عظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصولوں اور افکار کو اپنا کر ہم ملک کو درپیش چیلیجزز سے نکال سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائدا عظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش کے موقع پر قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح 20 ویں صدی کے عظیم رہنما اور ذہانت و راست بازی کی بہترین مثال تھے ۔قائد اعظم نے اپنے اعلیٰ کردار، مستقل مزاجی اور جدو جہد مسلسل سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور ایک علیحدہ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک ایسی فلاحی ریاست کا قیام چاہتے تھے جہاں ہر شہری کو تعلیم ،صحت ،ترقی اور انصاف کے مساوی مواقع میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائدا عظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے انتھک محنت کو اپنا شعار بنائیں اور پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کے لیے ایمان ،اتحاد اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ کہ آج بحثیت قوم ملکر یہ عہد کریں کہ ہم قائد کے رہنما اصولوں کو اپنا کر ملک کو امن اور خوشحالی کا گہورا بنائیں گے اور اس کی تعمیر و ترقی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔









