اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک خود کفیل، خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کا خواب دیکھا تھا جس کو دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل ہو لہذا قائداعظم کے اکنامک ویژن کو اپنا کر ہی پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکال کر ایک مضبوط معیشت بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری معیشت تاریخ کے ایک انتہائی مشکل دور سے گزر رہی ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومت قائداعظم کے اکنامک ویژن کو عملی جامہ پہنانے پر خصوصی توجہ دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 146واں یوم پیدائش منانے کی ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام چیمبر میں کیا گیا۔ اس موقع پر ایک کیک کاٹا گیا اور قوم کی بہتر ترقی کیلئے قائد اعظم کے سنہری اصولوں اتحاد، ایمان اور تنظیم کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آتے ہی اس کے مخالفین نے اس رائے کا اظہا کیا تھا کہ یہ ملک زیادہ دیر نہیں چل سکے گا لیکن قائد اعظم پر عزم تھے اورانہوں نے اقتصادی ماہرین و بزنس کمیونٹی کو تاکید کی تھی کہ وہ پاکستان کو مضبوط معیشت بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کو خودکفیل بنانے کیلئے زراعت و صنعت سمیت دیگر شعبوں کی ترقی پر زور دیا تھا لہذا قرضوں پر انحصار کرنے کی بجائے حکومت پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے۔
احسن بختاوری نے کہا کہ قائد اعظم کا یوم پیدائش ہمیں یہ یاددہانی کراتا ہے کہ پاکستان کو ایک ترقی کرتا ہوا ملک بنانے کیلئے زندگی کے ہر شعبے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور سیاسی استحکام کو ترجیح دی جائے کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے اور معیشت کی جلد بحالی کیلئے نجی شعبے کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کاروبار میں ہمیشہ اعلیٰ معیار اور دیانتداری کے سنہری اصولوں کو اپنانے پر زور دیا تھالہذا تاجر برادری سمیت قوم کے ہر فرد کو قائد اعظم کے اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرنی چاہیے تا کہ پاکستان بہتر ترقی کر کے ایک خوشحال ملک بن کر ابھرے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کے خواہشمند تھے کیونکہ وہ مسلمان قوم کی اقتصادی پسماندگی اور کمزور معاشی حالت سے بخوبی آگاہ تھے۔ اسی لئے انہوں نے متعدد مواقع پر مسلمانوں کو کامرس، صنعت اور تکنیکی تعلیم کے شعبوں میں عبورحاصل کرنے کی تاکید کی تھی تا کہ پاکستان کو جلد ایک خوشحال ملک بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصولوں پر مکمل عمل درآمد کر کے ہی پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کے طول و عر ض میں پیشہ وارنہ تربیت اور تکنیکی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کا ایک وسیع جال پھیلائے تا کہ تربیت یافتہ و ہنر مند افرادی قوت تیا ر کر کے پاکستان کو تیز رفتار معاشی ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔
ظفر بختاوری، عطاالرحمٰن آر پی او سی ٹی ڈی راولپنڈی، چوہدری جاوید اقبال، راجہ امتیاز، مقصود تابش، ہمایوں کبیر، خالد چوہدری،سیف الرحمٰن خان، اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔
قائداعظم کے اکنامک و یژن کو اپنا کر پاکستان کو مضبوط معیشت بنایا جا سکتا ہے۔ احسن بختاوری








