بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مسیحی برادری کے ساتھ اظہار ہم آہنگی کیلئے کرسمس کا کیک کاٹنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کی۔ چیمبر کے نائب صدر محمد اظہر اسلام ظفر، پاسٹر بابر وارث، پاسٹر پطرس جوزف، چیمبر کی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے کنوینر چوہدری اشرف فرزند، جمیل کھوکھر، مقبول کھوکھر، شارون مسیح، وقاض بھٹی، کٹم جان، چوہدری اسحاق، چوہدری شوکت، چوہدری لیاقت، پرویز جزبی، اور طارق پیارا سمیت مسیحی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کا کردار بہت اہم ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں مسیحی قوم حضرت مسیح علیہ سلام کا یوم پیدائش منا رہی ہے جنہوں نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور پوری انسانیت کی فلاح وبہبود کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مسیح علیہ سلام نے نہ صرف بیماروں کا علاج کیا بلکہ انسانیت کو دوسروں کے ساتھ ہمیشہ محبت، برداشت اور رحم کا رویہ رکھنے کی تعلیم دی اور اسلام بھی انہی اقدار کا علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکلنے اور ایک مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کیلئے انہی اقدار کا اپنانا ہو گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی چیمبر مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تاجروں و صنعتکاروار ں کے کاروباری مفادات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی کے مزید تاجروصنعتکار چیمبر کے ممبر بنیں اور اس ادارے کے ہاتھ مضبوط کریں۔انہوں نے اس موقع پر مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارک باد بھی پیش کی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اظہرالاسلام ظفر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مسیحی کمیونٹی سمیت تمام طبقات قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کوشش کریں تا کہ ہمارا ملک تیزی سے آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تاجر برادری اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
پاسٹر بابر وارث نے اس موقع پر حضرت مسیحی علیہ سلام کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی علیہ سلام نے ہمیشہ محبت، یگانگت، اصلاح اور معافی کا درس دیا ہے جس پر عمل کر کے پاکستان کو ایک مثالی پرامن ملک بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آئی سی سی آئی کی طرف سے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات سے ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا مسیحی قوم سمیت تمام اقلیتیں متحد ہو کر پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
چیمبر کی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے کنوینر چوہدری اشرف فرزند اور پاسٹر پطرس جوزف نے اپنے خطاب میں مسیحی قوم کیلئے کرسمس کی تقریب منعقد کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اقلیتوں کی بہتری سمیت دیگر کوششوں میں مسیحی قوم چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔