ملتان(ممتازنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ رجیم چینج کے بعد تحریک انصاف کی مقبولیت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوا، تحریک انصاف کو بکھیرنے کی خواہش کرنے والے خود بکھر جائیں گے، پی ڈی ایم ملک میں انتشار کی سیاست کررہی ہے۔ پی ڈی ایم اتحاد کاشیرازہ بکھرنے والا ہے،پی ڈی ایم اتحاد اختتامی منزل کی طرف گامزن ہے۔ حکمرانوں نے ملکی معیشت کاجنازہ نکال دیاہے۔ حکمرانوں کو ملک اور قوم کی فکر نہیں، وہ صرف اقتدار کو طول دینے کے چکروں میں ہیں،تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد لٹیروں کے خلاف مقدمات کھلوا کر چوری شدہ پیسہ واپس لائے گی۔
غلہ منڈی میں کارپیٹڈ سڑکوں اور سیوریج کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے بعد غلہ منڈی میں انجمن تاجران کی جانب سے منعقدہ ا ستقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے۔ دو سال کرونا کے سخت دیکھے۔ لیکن اس کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی ٹیم نے سخت محنت کی۔ ملکی معیشت کو بتدریج بہتر کیا۔ ایک سازش کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت کو ختم کرکے ملکی ترقی کا سفر روک دیا گیا۔ 7ماہ میں ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا۔ ان سات ماہ میں مہنگائی عروج پرپہنچ چکی ہے۔ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ بے روزگاری عروج پر‘ ڈالر کا ریٹ بے قابو‘ کریڈٹ ریٹنگ بڑھ چکی ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری رک چکی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔ انڈسٹری بتدریج بند ہو رہی ہیں۔ ملک میں اس وقت معاشی بحران ہے۔ سیاسی عدم استحکام کی بدولت معاشی بحران مزید بڑھ رہا ہے۔ جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا ملکی معیشت کنٹرول نہیں ہوسکتی۔ عمران خان نے سیاسی استحکام کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات کہا ہے۔ جو کہ ملک اور قوم کی ضرورت ہیں۔ فوری اور شفاف اتنخابات ہی ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرسکتے ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے فوری انتخابات ناگزیر ہیں۔ جتنا انتخابات میں تاخیر ہوگی اتنا ملک کے لئے نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا دوران اقتدار این اے 156 میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے۔ کچھ منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ جن کی تکمیل سے حلقے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ہر یونین کونسل میں سڑکوں‘ سیوریج‘ صحت‘ پینے کا صاف پانی اور بجلی فراہمی کے منصوبے مکمل کروائے۔ عوا م کی زندگی میں آسانیاں لانا چاہتے ہیں۔ سیوریج اور سڑکوں کے منصوبے یہاں کے بڑے مسائل میں شامل تھے۔ جو یہاں کی عوام کے دیرینہ مطالبات میں شامل تھے۔ عوام سے الیکشن سے قبل جو بھی وعدے کئے تھے وہ پورے کررہے ہیں۔ جو کچھ ہو سکا عوام کی خدمت کیلئے کیا۔ اور مستقبل میں بھی اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو عوام کی ترقی اور خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ملتان کی ترقی ہمارا فرض ہے اور اپنے فرض کو پورا کرتے رہیں گے۔ حلقے کی عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا۔ مینڈیٹ کااحترام ہے عوام سے رابطے میں ہیں اور رابطے میں رہیں گے۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے معرف نعت خواں احمد نواز عصیمی کی قل خوانی میں شرکت کی اور مرحوم کی مغفرت کیلئے اجتماعی دعا کروائی۔ انہوں نے یونین کونسل چٹھہ میں ملک ظفر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے یونین کونسل کوٹھے والا میں سابق ناظم چودھری منیر کے چچا کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ بدھلہ سنت میں چودھری صادق حبیب ارائیں کے ماموں کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ چک نمبر 8ٹی یوسی چٹھہ میں شوکت لنگاہ کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔
تحریک انصاف کو بکھیرنے کی خواہش کرنے والے خود بکھر جائیں گے،شاہ محمودقریشی








