بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک کے 33؍ اضلاع میں ڈیجیٹل مردم شماری کا پائلٹ پروجیکٹ کامیابی سے مکمل

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے 33؍ اضلاع میں ڈیجیٹل مردم شماری کا پائلٹ پروجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس سے حد بندی کے بعد ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار ہو سکے گی لیکن مردم شماری کا کام ورک پلان کے مطابق شروع ہونا ہے کیونکہ اس میں کچھ تکینیکی معاملات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ اگر مردم شماری کے نتائج آئندہ سال مارچ تک جمع نہ کرائے گئے تو بروقت عام انتخابات کرانے کیلئے حدبندی کا عمل مکمل نہیں ہو پائے گا۔ ذرائع کے مطابق، یہ تاخیر تکنیکی سامان کی خریداری کی وجہ سے ہوئی، کیونکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل مردم شماری کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے حکومت ایک لاکھ 20؍ ہزار ٹیبلیٹس کی خریداری کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے صوبوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے صوبوں میں مردم شماری سے جڑے انتظامات میں سیکورٹی کا خیال رکھیں۔ صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ محکمہ شماریات سے تعاون کریں تاکہ کامیابی کے ساتھ مردم شماری مکمل کی جا سکے۔ محکمہ تعلیم کے ملازمین کی بروقت تربیت کیلئے انتظامات کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے ساتھ ہی یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی صورت تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونا چاہئیں۔ اس سے قبل محکمہ شماریات کا کہنا تھا کہ ساتویں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کچھ وجوہات کی بناء پر چار ماہ کیلئے ملتوی کی جا رہی ہے، اور ساتھ ہی واضح کیا کہ اسے منسوخ کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ملتوی۔ پہلا پائلٹ پروجیکٹ جون 2022ء میں شروع ہونا تھا، جو اگست میں شروع ہوا، لہٰذا یقینی طور پر کچھ تاخیر ہوئی ہے لیکن پالیسی کی بنیاد پر مردم شماری روکی جائے گی اور نہ اسے ملتوی کیا جائے گا۔ محکمے کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔