بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بالا کوٹ: آسمانی بجلی گرنے سے 2 گھر تباہ، 2 بہنیں جاں بحق، 3 افراد زخمی

خیبرپختونخوا کے مشہورسیاحتی مقام بالاکوٹ کے علاقے منور سیریاں میں آسمانی بجلی گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان کے مطابق منورسیریاں میں 2 گھروں پر آسمانی بجلی گرگئی، جس کے نتیجے میں دونوں گھر تباہ ہوگئے، افسوسناک واقعے میں دو بہنیں جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

آسمانی بجلی سے جاں بحق ہونے والی دو بہنوں میں 10سالہ سدرہ بی بی اور 17سالہ سلمیٰ بی بی شامل ہیں جبکہ مہناز، حلیمہ اور منظور زخمی ہوگئے ۔

اے سی بالاکوٹ حسرت خان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا ہے،ایس پی بالاکوٹ ڈویژن صابر خان نے بتایا کہ تھانہ کاغان پولیس کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے رواں ہفتے بالاکوٹ کو شدید موسمی حالات کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ 2 روز سے اس سیاحتی مقام کے میدانی علاقے تیز بارشوں کی زد میں رہے جبکہ کاغان ویلی بیسر کے بلندو بالا پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 17 ستمبر 2026 تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔این ای او سی کے مطابق مرکز ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ لے کر عوام اور متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔عوام کو موسم کی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:بھارتی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، بحری اشتعال انگیزی پر احتجاج، سعودیہ کیساتھ کھڑے ہیں، ترجمان

این ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے 911 ہیلپ لائن سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔