بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کرکے اسلام آباد منتقل کردیا گیا

لاہور: اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کرکے وفاقی دارالحکومت منتقل کردیا۔
انہیں تھانہ کوہسار اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر گزشتہ رات فواد چوہدری پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا اور اسلام آباد منتقل کرنے کےلیے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
فواد چودھری کی پیشی کے موقع پر وکلا کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اتنی پولیس میرے پیچھے لگائی ہے جیسے جیمز بانڈ کو پیش کر رہے ہیں، میرا راہداری ریمانڈ نہیں بنتا میرا میڈیکل بھی کروایا جائے، مجھے دہشت گردوں کی طرح عدالت میں پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اشرافیہ ہمارے ملک کو نہیں چلنے دے گی، اگر یہ بغاوت ہے تو پورے 22 کروڑ عوام کو یہ بغاوت کرنی چاہئے،الیکشن کمیشن پر تنقید جاری رکھیں گے۔
عدالتی حکم پرفواد چودھری کا سروسز اسپتال میں میڈیکل کرایا گیا۔
رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے والوں کی گاڑیوں کی ویڈیوز بھی ٹوئٹر پر شئیر کردیں۔
دوسری جانب فواد چوہدری کے چھوٹے بھائی فیصل حسین نے ٹویٹ کیا کہ ان کے بڑے بھائی سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کو تھوڑی دیر قبل بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں نامعلوم افراد نے غیر قانونی طریقہ سے لاہور کے گھر سے اٹھایا ہے، اغوا کنندگان نے وارنٹ دکھائے ہیں نہ اپنی شناخت ظاہر کی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے آج رات 2 بجے عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو بھی کی تھی۔