بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہے، شبلی فراز

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت اور اسٹبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے مشروط طور پر تیار ہے، پہلے مذاکرات کے لیے ماحول بنایا جائے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جبر کے ماحول میں بات نہیں ہوسکتی۔ پہلے سیاسی مقدمات ختم کیے جائیں، قانون و آئین کی حکمرانی لائی جائے اور بانی پی ٹی آئی، خواتین سمیت سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی آزادی اور ایکٹیوٹی کی اجازت دی جائے، ہمارے ساتھ جو ہوا اس پر آزاد جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ ہم پاکستان کے لیے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف نے تیسری بار انٹرا پارٹی الیکشنز کرائے، ان پر بھی اعتراض لگا دیا گیا۔ سیاسی انتقام کے ماحول میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں آسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزراء کی باتیں کہ سب اچھا ہے یہ ہوائی باتیں ہیں۔ عدالتوں سے سیاسی فیصلے کرائے جارہے ہیں، بظاہر جمہوری و پارلیمانی نظام قائم ہے۔ ملک اس وقت مریض کی صورتحال اختیار کرچکا ہے،شبلی فراز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دیے گئے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر قبضہ کی بات سیاسی ہے۔ بانی پی ٹی آئی لندن یا کسی اور ملک نہیں جائیں گے۔