نیویارک(نیوز ڈیسک) امریکی لڑاکا طیارے نے 40 ہزار فٹ بلندی پر محو پرواز پُراسرار شے مار گرائی جس کا حجم چھوٹی کار کے برابر تھا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ترجمان وائٹ ہاوس جان کر بی کا کہنا تھا کہ پراسرار شے کو صدر جو بائیڈن کے فیصلے کے بعد گرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الاسکا کی فضا میں موجود شے 40 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کر رہی تھی اور فضائی ٹریفک کیلئے خطرہ بن سکتی تھی، اس کی ملکیت کے حوالے سے کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی، نہ ہم اپنے ذرائع سے معلوم کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ مبینہ چینی غبارے کو گرانے کے ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں پیش آیا ہے۔ معاملے پر چین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مذکورہ غبارہ دراصل ایک سائنسی آلہ تھا جوموسم پر تحقیق کے دوران غلطی سے امریکی فضائی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔








