اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) لندن میں چاقو کے وار سے مزید دو افراد ہلاک ہوگئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لندن میں مارچ 2021کے بعد سے لیکر مارچ 2022کے دوران چاقو کے وار سے 218 افراد مارے گئے جو تمام مرد تھے، یہ تعداد گزشتہ 76 برس کے دوران سب سے زیادہ ہے۔ حالیہ واقعات میں حکام کے مطابق مشرقی لندن کے اسپتال میں علی الصبح ساڑھے چار بجے کے قریب پولیس کو طلب کیا گیا جہان چاقو کے وار سے زخمی دو افراد کو منتقل کیا گیا تھا، بعد ازاں ایک 25 سالا نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کو وائٹ پوسٹ لین میں زخمی کیا گیا تھا۔ ایک اور واقعہ جنوب مغربی لندن کے علاقے یکن روڈ پر پیش آیا جہاں ہفتے کی رات ڈیڑھ بجے کے قریب پولیس کو چاقو کے حملے سے آگاہ کیا گیا، اس حملے میں 50 برس سے زائد کی عمر کا شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کے بعد دو مشتبہ افراد کو مختلف علاقوں سے گرفتار کرلیا ہے۔
لندن، چاقو کے وار سے ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ، مزید دو افراد ہلاک








