بالی ووڈ کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر فلکس انڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی ویب سیزیز ’ہیرا منڈی‘ کے پہلے ٹیزر کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے۔
پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے ہیرا منڈی کی کہانی پر مبنی اس فلم کے ٹیزر میں اداکارہ سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، منیشا کوئرالا، شرمین سہگل، سنجیدہ شیخ اور ریچا چڈھا کو دیکھا جا سکتا ہے جوکہ اس سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
سنجے لیلا بھنسالی کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ بطور فلم ساز ہیرا منڈی میرے سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے، یہ لاہور کی طوائفوں پر بننے والی اپنی نوعیت کی ایک منفرد فلم ہوگی۔ ہیرامنڈی جسے لاہور کا بازار حسن کہا جاتا ہے، اس ویب سیریز کی کہانی بھی اسی بازار حسن سے منسلک خواتین کی زندگی پر مبنی ہے۔
قبل ازیں 2021 میں سنجے لیلیٰ بھنسالی نے ’نیٹ فلیکس‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ان کے دوست معین بیگ نے 14 سال قبل ’ہیرا منڈی‘ کی کہانی دی تھی، جس پر انہوں نے کافی غور کیا اور اب اسی پر سیریز بنائیں گے۔
ان کے مطابق ’ہیرا منڈی‘ سیریز کی کہانی تقسیم ہند سے قبل کی ہے، جس وقت لاہور متحدہ ہندوستان کا حصہ تھا۔
فلم ساز نے بتایا کہ ’ہیرا منڈی‘ میں دکھایا جائے گا کہ ماضی میں جسم فروشی کے اڈوں پر کس طرح آرٹ اور ثقافت کی ترویج ہوتی تھی اور کس طرح وہیں سیاست پلتی اور بڑھتی تھی۔
معروف فلم ساز نے ہیرا منڈی کو مشکل ترین منصوبہ بھی قرار دیا تاہم ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ وہ اسے توقعات کے مطابق پورا کریں گے۔
واضح رہےکہ سنجے لیلا بھنسالی بالی ووڈ کو دیوداس ، باجی راؤ مستانی، گنگو بائی، رام لیلا اور ہم دل دے چکے صنم جیسی سہر ہٹ فلمیں دے چکے ہیں۔









