بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد سے ملحقہ علاقے میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی، پنجاب کے وزیر صنعت کی اسلام آباد چیمبر کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد (ممتازنیوز) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری ایس ایم تنویر نے اسلام آباد ریجن میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت اس منصوبے کیلئے زمین کا سروے کرنے کیلئے جلد اپنی ایک ٹیم اسلام آباد بھیجے گی اور اس کی فزیبلٹی تیار کر کے عمل درآمد کیا جائے گا تا کہ اسلام آباد سے ملحقہ علاقے میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں ان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ وہ پنجاب کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک راؤنڈ ٹیبل منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس میں تاجر برادری کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کو بھی اس اجلاس میں مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کے مسائل کو بھی سنا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل چیمبر ہونے کے ناطے آئی سی سی آئی کو تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹھوس اور قابل عمل سفارشات تیار کر کے پیش کرے تا کہ ان کی روشنی میں مسائل کو حل کیا جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد میں صنعتیں لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں جس کے لیے ایک نئے صنعتی زون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس اہم منصوبے کیلئے صوبے میں مناسب جگہ پر زمین فراہم کرے جوجڑواں شہروں کے نزدیک ہو۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زون کے قیام سے سرمایہ کاری اور صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے گا، ٹیکس ریونیو اور برآمدات میں اضافہ ہو گا اور خطے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنائیں کیونکہ بار بار پالیسیاں تبدیل ہونے سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل صنعتی ترقی سے وابستہ ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت خطے میں ایک نئے صنعتی زون کے قیام کیلئے آئی سی سی آئی کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔
آئی سی سی آئی کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت کو بحال کرنے کے لیے برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت کو برآمداتی صنعتوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کی بعض سڑکوں کو ممتاز بزنس مینوں کے ناموں سے منسوب کرے تاکہ ان کی گراں قدر خدمات کو تسلیم کیا جا سکے۔محمد شبیر، راجہ امتیاز، امیر حمزہ، فصیح اللہ خان، چوہدری محمد نعیم، خالد چوہدری، سیف الرحمان خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔