بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

او آئی سی نے ہمیشہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے معاملے کو انسانی حقوق کے اداروں تک پہنچایا،سیکرٹری جنرل براہم طہ

جدہ (امیر محمد خان سے)او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سفیر حسین براہم طہ نےکہا ہے کہ او آئی سی نے ہمیشہ پاکستان کے کشمیر کے موقف کی حمائت کی ہے اور انسانی حقو ق کے اداروں تک بھارتی جارحیت کا معاملہ پہنچایا ہے، نیز او آئی سی کشمیر کی آزادی تک اس موقف پر قائم رہے گی، یہ بات انہوںنے جدہ میں او آئی سی کے مرکزی دفتر میں پاکستان قونصلیٹ کی درخواست پر کشمیر میں نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصاویر کی نمائش پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ تصاویر کی نمائش میں بڑی تعداد میں او آئی سی کے ممبر ممالک کے نمائندوںنے شرکت کی، اس موقع پر جدہ میں پاکستان کشمیر کمیٹی کے اراکین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیکریٹری جنرل او آئی سی نے جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے یاد دلایا کہ او آئی سی نے گزشتہ چار دہائیوں میں کشمیری عوام کی ان کے حق خود ارادیت کے استعمال کی جدوجہد میں اجتماعی طور پر حمایت کی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری سے او آئی سی کے اس مطالبے کی تجدید کی کہ وہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں تنازع کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کے لیے ایک ضروری قدم کے طور پر بین الاقوامی برادری کی تعمیری شراکت کے ساتھ ایک دوسرے کو سنجیدہ مذاکرات میں شامل کریں۔تصاویر کی نمائش کے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی میں سیکریٹری جنرل کے نمائیندے برائے جموں و کشمیر یوسف الھدوبی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے ایجنڈے میں کشمیر اور فلسطین سرفہرست ہیں۔ او آئی سی کے اصولی موقف کی توثیق کرتے ہوئے خصوصی ایلچی نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس کے پرامن حل پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ او آئی سی کشمیریوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کو حل کرنے میں مدد کرے گی۔جلدہی او آئی سی کی وفد پاکستان اور جموں وکشمیر کا پھر دورہ کرے گا۔ اس سے قبل او آئی سی میں پاکستان کے مستقبل سفیر سید فواد شیر نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا ذکر کیا اور او آئی سی سیکریٹری جنرل سے دوخواست کی وہ او آئی سی کے ممبر ممالک کو تحریک آزادی کشمیر پر سرگرم رکھیں تصاویر کی نمائش سے قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے اپنے خطاب میں او آئی سی اور خصوصی طور پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا انہوں نے پاکستان کی درخواست پر اس نمائش کا اہتمام کی تاکہ او آئی سی کے ممبر ممالک تصاویر دیکھ کر اندازہ لگا سکیں کہ عورتوں، بچوں اور نے نہتے نوجوانوں پر کیا ظلم ڈھائے جارہے ہیں،تصاویر کی نمائش سے پاکستان کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری نے بھی خطاب کیا اور کشمیر پر او آئی سی کے موقف پر شکریہ ادا کیا۔