بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دماغی طور پر مردہ قرار دیے گئے شخص نے 4 افراد کی زندگی کیسے بچائی؟

بھارت میں دماغی طور پر مردہ قرار دیے گئے شخص نے 4 افراد کی زندگی بچالی، مگر کیسے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ  شہری کو 25 فروری کو نئی دہلی میں ایک حادثے میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے انتہائی نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم دماغ میں خون جمع ہونے کے باعث ڈاکٹروں کی جانب سے اسے پیر کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔

بعد ازاں مشورے کے بعد مریض کے اہل خانہ نے دوسرے مریضوں کی جان بچانے کے لیے اس کا دل، جگر اور دونوں گردے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق دماغی  طور پر مردہ قرار دیے گئے مریض کے اعضاء  4 مختلف مریضوں میں کامیابی کے ساتھ ٹرانسپلانٹ کر دیے گئے ہیں، جنہیں ان اعضاء کی اشد ضرورت تھی۔

آپریشن کرنے والے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ میں اعضاء عطیہ کرنے والے مریض کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ کیوں کہ ان کی وجہ سے 4  مریضوں کو  دوسری زندگی مل گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل سے دوسرے افراد کو بھی ترغیب ملنی چاہیے کہ وہ بھی اعضاء عطیہ کرنے کے لیے خود کو رجسٹر کریں۔