اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیا اورنومنتخب صدر نوید ملک، سیکرٹری رضوان شبیر کیانی، نائب صدر علی حسین بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری جمیل فیاض راجپوت اور دیگر عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین راجہ علیم خان عباسی اور اسلام آباد دسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قیصر امام گوندل بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی نو منتخب عہدیداران کی صلاحیتوں پر وکلاء برادری کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ علیم خان عباسی، نوید ملک اور قیصر امام گوندل کی سربراہی وکلاء برادری اور عدلیہ کے احترام میں اضافے کا باعث بنے گی اور یقین دہانی کرائی کہ عدلیہ کے احترام میں اضافے کیلئے چیمبر ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ انصاف کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا لہذا یہ ضروری ہے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی اور وکلاء برادری اسلام آباد میں انصاف کی سربلندی کیلئے مل کر کام کریں تا کہ ملک میں وکلاء اور عدلیہ کا احترام آگے بڑھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء برادری میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو ایوراڈ سے نوازا جائے گااور انہیں معاشرے میں ایک رول ماڈل کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بزنس کمیونٹی اور وکلاء برادری مقدمات میں کمی لانے کیلئے ثالث کا کردار ادا کر کے تیز رفتار انصاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کی کوشش کریں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر نوید ملک نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے بار ایسوسی ایشن کا دورہ کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری اور وفد کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے ہمیشہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حوصلہ افزائی کی ہے جو تاجر برادری کا وکلاء برادری کے ساتھ محبت کا بہترین مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور وکلاء معاشرے اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہذا قریبی تعاون کے ذریعے دونوں کے مشترکہ مسائل کو بہتر طور پر حل کرایا جا سکتا ہے اور مشترکہ مفادات کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہاں تاجر برادری کو ضرورت پڑی وکلا برادری ان کے ساتھ کھڑی ہو گی اور جہاں وکلاء برادری کو ضرورت پڑی تو امید ہے کہ تاجر برادری ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔
اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین راجہ علیم خان عباسی نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ نسلوں کیلئے انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کے ہمراہ اس شہر کے کلچر میں بنیادی تبدیلیاں لا کر نہ صرف ایک پرامن شہر بنائے گی بلکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے ایک صاف ستھرا اور سرسبز شہر فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بنیادوں حقوق کا تحفظ بھی کریں گی۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، جمشید اختر شیخ، امتیاز عباسی، چوہدری محمد علی،اشفاق حسین چھٹہ، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
عدلیہ کے احترام میں اضافے کیلئے وکلاء برادری کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، احسن ظفر بختاوری








