کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج نے روس کا دارالحکومت کیف پر قبضے کا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ویڈیو خطاب میں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلینسکی کا کہنا تھا کہ یوکرینی فوج کا کیف اور اردگرد کے شہروں پر کنٹرول ہے۔
انہوں نے روسی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ولاد ی میر پیوٹن پر حملہ روکنے کیلئے دباو ڈالیں۔ ان لوگوں کو روکیں جو آپ سے ، ہمارے ساتھ اور پوری دنیا کے سامنے جھوٹ بول رہے ہیں۔
اس سے پہلے یوکرین کے صدر کاکہنا تھا کہ روسی افواج سے لڑنے کے لیے مغربی پارٹنرز ہتھیار بھجوا رہے ہیں۔یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ ان کی فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں سے بھی ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سفارتی محاذ پر آج کا دن ایمانوئل میکخواں کے ساتھ بات چیت سے شروع ہوا ہے۔ ہمارے پارٹنرز کی جانب سے دیے جانے والے ہتھیار اور ساز و سامان یوکرین آنے والے ہیں، جنگ مخالف اتحاد کام کر رہا ہے۔
حملے کے تیسرے روز کیف کی گلیوں میں لڑائی جاری ہے۔ یوکرینی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ محفوظ مقامات میں پناہ لیں۔
دوسری جانب یوکرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ کیف کے ایک فوجی یونٹ پر حملہ کیا گیا، جس کو ناکام بنا دیا گیا۔
یوکرین کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ روسی حملوں میںاب تک تین بچوں سمیت 198 عام شہری مارے جا چکے ہیں۔ اسی طرح زخمیوں کی تعداد 11 سو سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں 33 بچے بھی ہیں۔