اسلام آباد(ممتا زنیوز )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں،پارلیمنٹ ہی واحد ادارہ ہے جہاں پر ملکی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے،ہمیشہ سے سنتے آرہے تھے کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے،آج پاکستان واقعی ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے،صحافت کا شعبہ ہی رائے عامہ کو ہموار کرنے کا واحد ذریعہ ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نمائندوں سےملاقات کے دوران کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے راولپنڈی/اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا،اسپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ ہمیں سب باتوں کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے لیے سوچنے کی ضرورت ہے،پاکستان کو سیاسی دلدل سے نکالنے کے لیے سیاستدان میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے،ملک کو درپیش غیر یقین کی فضا کو ختم کرنے کے لیے سب کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے،بطور سپیکر میں سب سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہوں،وطن عزیز کی بقا کی خاطر سیاستدان کو اپنی ضد چھوڑنا پڑے گی،معاشرے میں رکھ رکھاؤ کا پہلو ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بحرانوں میں دھکیل میں سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے،صحافیوں کے مسائل کو قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میں سنا جائے گا،صحافت کے معیار کو قائم رکھنا صحافیوں کی ذمہ داری ہے،یوم صحافت کو پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم پر منایا جائے گا،19 نومبر کو پاکستان بھر میں صحافتی تنظیموں کو پارلیمنٹ ہاؤس میں مدعو کیا جائے گا،سیاستدانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں صحافیوں کا کردار بھی کلیدی اہمیت کا حامل ہے،ایک سیاستدان کا سیاسی تشخیص اجاگر کرنے میں صحافت کا اہم کردار ہوتا،جمہوریت کی بالادستی کے لیے صحافیوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں،صحافیوں کو وقت پر تنخواہوں کا ملنا ان کا بنیادی حق ہے،صحافیوں کے مطالبات بلکل درست ہیں ان کا فوری حل ضروری ہے۔










